پشاور، 13جون(اے پی پی): لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے کورونا کمپلیکس میں داخل مریضوں کا حال پوچھنے اور سہولیات کا خود جائزہ لینے کے لئے ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے آج کورونا کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا۔
ایل آر ایچ کے ترجمان کیمطابق ہسپتال ڈائریکٹر نے خود کورونا کمپلیکس کے اندر جانے کی خواہش کا اظہار کیا اور اپنی ٹیم کے ہمراہ کورونا کے مریضوں سے ملنے گئے اور ان سے تفصیلی بات چیت کی اور انکا حوصلہ بڑھایا۔
انہوں نے کمپلیکس کے اندر سہولیات کا دوبارہ جائزہ لیا اور آکسیجن سپلائی، کارڈیک مانیٹرز اور دیگر بہت ضروری سہولہات کا بھی جائزہ لیا اور آکسیجن کی بلا تعطل اور مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی احکامات جاری کئے۔
ہسپتال ڈائریکٹر نے ڈیوٹی پر موجود نرسنگ اور دیگر سٹاف کو بھی ہدایات جاری کیں کہ مریضوں کو شکایت کا موقع نہ دیا جائے اور ان کی زہنی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔