ملتان جون 9 (اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جنوبی پنجاب میں میراتھن آپریشن ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرتے ہوے ،خوراک کو محفوظ رکھنے اورشاپس پر کام کرنیوالے ورکرز کو خطرناک وباء سے بچنے کیلئے ہدایاتی پرچے تقسیم کیے گئے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ملتان میں کاروائی کرتے ہوئے الحبیب فوڈ ز کو جعلی ٹیسٹنگ رپورٹس کی موجودگی،گندے پانی کے ٹینک،سٹوریج ایریا ہونے، نامناسب لیبلنگ اور ناقص صفائی پر جوس فیکٹری کو سربمہر کیا۔ دوران کاروائی10ہزار لیٹر مینگو پلپ،6ہزار لیٹر مینگو جوس،8سٹوریج ٹینک اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔اسی طرح رحیم یارخان میں واقع ظفر حسین مصالحہ فروش کو ملاوٹی ناقابل سراغ کھلے مصالحہ جات کی فروخت،لائسنس نہ ہونے پر سیل کیا،2000کلو مرچ پاؤڈر برآمد کیاجبکہ وہاڑی میں مختلف قسم کے گٹکے فروخت کرنے پر شہریا ر کریانہ سٹور کو سربمہر کیا گیا۔
اسی طرح مظفرگڑھ میں ناکہ بندی کے دوران دودھ فروش گاڑی سے 5ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی،موقع پر ٹیسٹنگ کے دوران پانی کی ملاوٹ کرنے اور غذائی قلت پر1000لیٹر دودھ کو تلف کیا گیا۔
مزید برآں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں کاروائی کرتے ہوئے ملتان ڈویژن میں 116 فوڈ پوائنٹس کو وزٹ کیا اور101کو وارننگ نوٹسز جاری کیے،معمولی نقائص پر12 فوڈ پوائنٹس کو41ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔اسی طرح بہاولپورڈویژن میں 111 شاپس کی چیکنگ کی گئی اور95فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے، صفائی کی ابتر صورتحال پر15 فوڈیونٹس کو51ہزار5سو روپے کے جرمانے عائد کیے جبکہ ڈی جی خان ڈویژن میں 77 شاپس کی چیکنگ کرتے ہوئے58فوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کیے جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر13 شاپس کو65ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران ماسک، حفاظتی لباس پہن رکھے تھے، سینٹائزر کے استعمال کو یقینی بنایا گیا۔عوام سے گزارش ہے فوڈ پوائنٹس کو وزٹ کرتے وقت حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر لازمی عمل کریں۔
وی این ایس ، ملتان