لاہور، 11 جون(اے پی پی): وزیر اعظم کی ہدایت پر گندم و آٹے کی قیمتوں کے لیے سینیئر وزیرعبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔عبدالعلیم خان نے اجلاس کو بتایا کہ گندم کی قیمتوں میں استحکام کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے ،5 لاکھ ٹن گندم فوری درآمد ہوئی تو قیمتیں نیچے آ جائیں گی۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے گندم کی امپورٹ کے لیے تمام رکاوٹیں ختم کر دی ہیں۔فیڈرل گورنمنٹ کی ڈیوٹی معاف کر دی ہے ، پرائیویٹ سیکٹر جتنی چاہے گندم منگوا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ محکمہ خوراک گندم و آٹے کی قیمتوں کے لیے فوری نئی سفارشات تیار کرے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر ایک کو آٹے پرسبسڈی دینا جائز بات نہیں،احساس پروگرام کے ڈیٹا یا یوٹیلیٹی سٹورز کو استعمال میں لا سکتے ہیں۔حکومت ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت من مانی نہیں کرنے دے گی،پیداوار کے مطابق ابھی 50 لاکھ ٹن گندم مارکیٹ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کےمسئلہ کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
وی این ایس،لاہور