پشاور،17جون(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنا ءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں تاجر برادری کا کردار مسلمہ ہے اور انہیں اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے پرُ امن ماحول فراہم کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز پشاور میں چیمبر کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسرحد چیمبر آف کامرس کے سینئر وائس پریزیڈنٹ شاہد حسین نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ ایک مثالی معاشرے کے قیام کے لیے تمام افراد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، تاجر برادری کا شمار قانون پر سختی سے عمل درآمد کرنے والے طبقوں میں سے ہوتا ہے۔اور انہیں صوبہ بھر بالخصوص پشاور میں امن و امان اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ آئی جی پی نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر طبقہ کے لوگ برابر قربانیاں دے رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس فورس کے ایڈیشنل آئی جی پی سے لیکر سپاہی تک ہر رینک کے افسر و جوان نے اس جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔ آئی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اپنے فرائض سے غافل نہیں، صوبے سے ہر قسم کی دہشت گردی اور دیگر جرائم کا قلع قمع کیا جائے گا اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جنگ ہر قیمت پر جاری رہیگی۔
آئی جی پی نے چیمبر کے ارکان سے مخاطب ہو کر کہا کہ جس طرح آپ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا ساتھ دیا۔ اسی طرح آپ کورونا وائرس کے خلاف بھی حکومت کی ایس او پیز اور اختیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے لیے پولیس کا بھر پور ساتھ دیں ۔ تاکہ صوبے کو کورونا کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ انہیں بزنس کمیونٹی کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے لیکن عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر چیز پر مقدم ہے۔ عوام کو محفوظ بنا کر باقی سرگرمیوں کو بحال کرکے آگے بڑھیں گے۔ کورونا وائرس ہمارے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور ہم سب کو اس مشکل دور سے بحفاظت گزر کر ایک منظم قوم کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔
آئی جی پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس تاجر برادری کو ہر طرح کی سہولت بہم پہنچائی گی تاکہ کاروبار بڑھے، برآمدات بڑھیں اور ملک ترقی کرے۔اُنہوں نے تاجربرادری کو یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا پولیس تجارت کے سامان کی ترسیل کے عمل کو تیز سے تیز تر کرنے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔
سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی کو بے حد سراہا اور یقین دلایا کہ وہ خیبر پختونخوا پولیس کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔ آئی جی پی کو چیمبر آف کامرس کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور محمد علی گنڈا پور اور ایس ایس پی پشاور ظہور بابر آفریدی بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔
وی این ایس، پشاور