ملتان ، 09 جون (اے پی پی ):ضلع بھر میں کورونا وائرس سے بچاو کے بارے میں گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان کی زیر صدارت سرکٹ ہاوس میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں
تما م اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی،اجلاس میں مارکیٹوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرانے کے لئے افسران کو مختلف علاقے سونپ دئے گئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں پرصحیح معنوں میں عملدر آمد کرایا جائے گا،کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنےوالوں کے خلاف کورونا آرڈیننس کے تحت ایکشن لیا جائے گا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات دیتے ہوئے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالی دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی جائیں اور مالکان کو بھاری جرمانے کئے جائیں جبکہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں صرف ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے کی سہولت حاصل ہے،کسی ہوٹل اور ریسٹورنٹ ہال میں بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان نے کہا کہ امیوزمنمٹ پارکس پر پابندی ہے،کمرشل واٹر پارکس کے خلاف کارروائی کی جائے،پبلک اور پرائیوٹ مقامات پر مذہبی اور سماجی اجتماعات پر بھی حکومت کی طرف سے پابندی عائد ہے،
حکومت پنجاب کورونا وائرس سے بچاو بارے ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے سنجیدہ ہے،ضلعی انتظامیہ ایس او پیز کی خلاف پر کارروائی کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر حکومت کو ارسال کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے افسران کورونا سے بچاو کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرائیں،” نو ماسک نو سروس” پر سختی سے عمل کیا جائے،سرکاری اجلاسوں اور دفاتر میں افسران اور ملازمین ماسک پہننے کی پابندی کی سختی سے پابندی کریں۔
وی این ایس، ملتان