لاہور17جون (اے پی پی): ٹائیگر فورس کی خدمات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور آئندہ دو ماہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نو جوانان عثمان ڈار اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کے زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور انتظامی افسران نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
منعقدہ اجلاس میں ٹائیگر فورس کی پہچان کیلئے شناختی علامت جاری کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر غورکیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شناخت کیلئے رضا کاروں کو خصوصی جیکٹس یا شناختی کارڈ جاری کئے جائیں گے۔سیالکوٹ کی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ابتدائی ٹیسٹ رن ماڈل تیار کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ منظوری کے بعد ماڈ ل کو پورے ملک میں شروع کیا جائے گا جبکہ مسائل کی نشاندہی اور بر وقت تدارک کیلئے ٹائیگر فورس اور انتظامیہ کے مابین بہتر کوارڈینیشن کیلئے ضلعی سطح پر خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرے حلقے میں ٹائیگر فورس کی حاضری کا تناسب 60فیصد ہے۔اجلاس میں اگلے دو ماہ کے دوران متوقع سیلاب، پرائس کنٹرول، شجر کاری، کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
وی این ایس ،لاہور