لاہور، 12جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے والا بجٹ پیش کریں گے۔
جمعہ کو وزیر قانون راجہ بشارت سے ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن اور اراکین کو کورونا سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی کے تحفظ کیلئے پنجاب اسمبلی کے بجائے مقامی ہوٹل میں بجٹ سیشن ہو رہا ہے۔ کورونا کی وباء نے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے، بجٹ میں کمزور طبقے کے تحفظ کے لئے اقدامات تجویز کیے جائیں گے جبکہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا روان سال بجٹ میں غیر ضروری اخراجات کم کریں گے، پنجاب حکومت نے 2 برس کے دوران عوام کو سہولیات پہنچانے کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے،تحریک انصاف کی حکومت معاشرے کے ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہی ۔
وی این ایس ، لاہور