لاہور، 13 جون (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں حکومت پنجاب اور نیشنل لاجسٹک سیل کے درمیان لاہور رنگ روڈ۔ سدرن لوپ (ایس ایل۔3) رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ کی تعمیر کے لیے کنسیشن ایگریمنٹ طے پاگیا۔ تقریباً دس ارب روپے کی تعمیراتی لاگت کے ساتھ یہ پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ طرز پر دوسرا سب سے بڑا انفراسٹرکچر کا منصوبہ ہے۔ صوبے کا پہلا بڑا منصوبہ لاہور رنگ روڈ۔ سدرن لوپ۔1 اور 2 پراجیکٹ تھا۔ یہ منصوبہ 25 سالہ بی او ٹی پراجیکٹ کی طرز پر چلایا جائے گا جبکہ اس کی تعمیر کی مدت ایک سال ہے۔ یہ منصوبہ جی ٹی روڈ، سیالکوٹ موٹر وے اور رنگ روڈ کے موجودہ سیکشنز کو ملتان روڈ (این فائیو) کے ساتھ منسلک کرے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے ڈیزائن کے خدو خال کا جامع طور پر جائزہ لیا گیا ہے اور ماحولیاتی پہلووں کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔
وی این ایس، اسلام آباد