مظفرگڑھ،10جون ( اے پی پی): سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل ہونے والی ویڈیو جس میں مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کا ایک 7سالہ بچہ محمد عدنان جوتے پالش کرتے ہوئے دیکھایا گیا تھا، جس پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ امجد شعیب خان ترین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سی ای او تعلیم کوثر حسین شاہ بخاری کو ہدایت کی کہ بچے کو فوری طور پر تلاش کیا جائے، جس پر سی او تعلیم کوثر حسین نے ایک دن کے اندر بچے محمد عدنان اور اس کے والد طارق حسین کو تلاش کیا او ران کو ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین کے پاس پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے محمد عدنان کو گورنمنٹ ایلمنٹری سکول علی پور میں نہ صرف داخلہ کرایا بلکہ اس کو کتابیں، کاپیاں، سکول بیگ اور یونیفارم بھی فراہم کیا اور بچے کے والد طارق حسین کو گھر کے خرچے کیلئے 5ہزار روپے فراہم کیے اور اس کے عہد لیا کہ وہ آئندہ بچے سے کسی قسم کی مزدوری نہیں کرائے گااور اس کو سکول باقاعدگی سے بھیجے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا حق ہے اور سرکاری سکول میں تعلیم مفت فراہم کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ایسے بچوں کو تلاش کریں گے جن کے والدین معاشی طور پر کمزور ہیں اور وہ اپنے بچوں کو تعلیم کیلئے سکول نہیں بھیجتے، ہم ان بچوں کو سکولوں میں داخل کریں گے اور ان کے والدین کی مالی معاونت کریں گے۔اس موقع پر بچے کے والد طارق حسین نے بھی عہد کیا کہ وہ اب محمد عدنان سے کوئی مزدوری نہیں کرائے گا اور اس کو باقاعدگی سے سکول بھیجے گا۔
وی این ایس، مظفر گڑھ